اسلام آباد (نئی تازہ رپورٹ)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نےالیکشن کمیشن کی طرف سے مشاورت سے معذرت کے بعد پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلیوں کے انتخابات 9 اپریل کو کرانے کا اعلان کر دیا ۔ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر علوی نے الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 57 ایک کے تحت انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیا۔
صدر عارف علوی نے کہا کہ الیکشن کمیشن آئین کے سیکشن 57 دو کے تحت الیکشن کا پروگرام جاری کرے، انہوں نے کہا کہ آئین کے تحت اس کے تحفظ اور دفاع کا حلف لیا ہے۔صدر نے کہا کہ عدالتی فورم سےکوئی حکم امتناع نہیں ہے، لہٰذاسیکشن57 ایک کے تحت اختیار کے استعمال میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے، آئین اور قانون 90 دن سے زائد کی تاخیر کی اجازت نہیں دیتا۔ لہٰذا آئین کی خلاف ورزی سے بچنے کے لیے انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرنے کا اپنا آئینی اور قانونی فرض ادا کرنا ضروری سمجھتا ہوں۔
صدر علوی نے کہا کہ اسمبلیوں کے عام انتخابات کی تاریخ کے اعلان کے لیے الیکشن کمیشن سے مشاورت کا سنجیدہ عمل شروع کیا، لیکن الیکشن کمیشن نے اس موضوع پر ہونے والے اجلاس میں شرکت سے معذرت کی لہٰذا سیکشن 57 (1) کے تحت حاصل اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے صوبائی اسمبلیوں کے عام انتخابات کے لیے 9 اپریل 2023 (اتوار) کی تاریخ کا اعلان کر رہا ہوں۔