اسلام آباد (نئی تازہ رپورٹ)الیکشن کمیشن نے صدر عارف علوی کی جانب سے صوبہ پنجاب اورخیبر پختونخوا میں عام انتخابات سے متعلق دوسرے خط کا جواب دیتے ہوئے انتخابات سے متعلق ایوان صدر کو مشاورتی عمل کا حصہ بنانے سے معذرت کرلی۔
ذرائع کے مطابق پنجاب اور خیبر پختوانخوا اسمبلی کے الیکشن کے معاملے پر سیکرٹری الیکشن کمیشن عمرحمید نے صدر مملکت کو خط لکھا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ انتخابات کا معاملہ مختلف عدالتوں میں زیر التوا ہے، الیکشن کمیشن ابھی صدارتی آفس سے مشاورت کے عمل میں داخل نہیں ہوسکتا، الیکشن کمیشن اس متعلق پیرکو اجلاس میں فیصلہ کریگا۔
خط میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن صدر مملکت کا احترام کرتا ہے۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ الیکشن کمیشن اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داری سے آگاہ ہے، گورنر خیبرپختونخوا اورپنجاب نے ابھی تک عام انتخابات کی تاریخ نہیں دی،گورنرپنجاب نے کہا کہ وہ معاملے پر لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے سے متعلق قانونی راستہ اختیار کریں گے۔
خط کے مطابق الیکشن کمیشن نے لاہور ہائی کورٹ سے رہنمائی کے لیے درخواست دائر کی ہے، پشاور ہائی کورٹ میں بھی تین درخواستیں دائر ہیں، آئین اسمبلی تحلیل ہونے پر الیکشن کمیشن کوپولنگ کی تاریخ کا اعلان کرنیکا اختیار نہیں دیتا۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ افسوس کے ساتھ کہہ رہے کہ الیکشن کمیشن ایوان صدر کو اس مشاورتی عمل میں شامل نہیں کرسکتا، ایوان صدر کو صوبوں کے انتخابات کی مشاورت میں شامل کرنے سے متعلق الیکشن کمیشن پیر کو فیصلہ کرے گا، الیکشن کمیشن کا اجلاس پیر کی صبح طلب کیا گیا ہے۔