اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ)وفاقی دارالحکومت کے ایف نائن پارک میں لڑکی سے زیادتی کے 2 ملزمان پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگئے۔
اسلام آباد پولیس ترجمان کے مطابق D-12 کے علاقہ میں لگائے گئے پولیس ناکہ پر دو نا معلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے روکنے پر فائرنگ کر دی۔پولیس کی جوابی فائرنگ سے حمہ آور زخمی ہو گئے تاہم پولیس اہلکار حفاظتی اقدامات کی وجہ سے محفوظ رہے۔پولیس کے مطابق زخمی حملہ آوروں کو ہسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکے۔ مرنے والوں کی شاخت کا عمل جاری ہے۔ سیکیورٹی کے پیش نظر خصوصی ناکے لگائے گئے تھے۔
بعد میں پولیس کی طرف سے بتا یا گیا کہ مرنے والے حملہ آوروں کی شناخت ہوگئی۔.دونوں ملزمان سٹریٹ کرائم سمیت سنگین جرائم کی وارداتوں میں مطلوب تھے۔ ایک ملزم ڈکیتی کے دوران قتل میں اشتہاری تھا۔دونوں ملزمان ایف نائن پارک میں لڑکی سے زیادتی کے وقوعہ میں بھی ملوث تھے۔
اس سے قبل پولیس نے جاری بیان میں کہاا تھا کہ پولیس نے ایف نائن پارک میں لڑکی سے زیادتی کے واقعے میں ملوث ملزمان کا سیف سٹی کیمروں کے ذریعے سراغ لگالیا ہے۔ فوٹیج میں دیکھا گیا ملزمان ایک موٹر سائیکل پر سوار ہیں جو پارک کے گیٹ سے گزرتے نظر آئے ہیں۔ ملزمان واردات کے وقت مسلح بھی تھے۔
یاد رہے کہ قبل ازیں نجی ٹی وی نے پولیس کے حوالے سے بتایا تھا کہ دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے تاہم اس کی پولیس نے تصدیق نہیں کی تھی۔