چیچہ وطنی (نئی تازہ مانیٹرنگ) کوئٹہ سے پشاور جانے والی ریل گاڑی جعفر ایکسپریس میں گیس سلنڈر کے دھماکے میں ایک خاتون جاں بحق جبکہ 8 افراد زخمی ہوگئے۔
اطلاعات کے مطابق کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس میں موجود گیس سلنڈر میاں چنوں کے قریب پھٹ گیا،جس پر بوگی میں آگ بھڑک اٹھی. مسافر ٹرین روکنے کے لئے ایمرجنسی زنجیر کھینچتے رہے مگر گاڑی کو نہیں روکا گیا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق ٹرین میں دھماکا میاں چنوں کی حدود میں ہوا لیکن ڈرائیور نے چیچہ وطنی ریلوے اسٹیشن کے قریب پہنچ کر ٹرین روکی۔ ٹرین میں 850 کے قریب مسافر سفر کر رہے تھے۔
زخمیوں کو ٹی ایچ کیو چیچہ وطنی پہنچا دیا دیا گیا ،جن میں چھ خواتین شامل ہیں، ایک زخمی کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔مسافروں کے مطابق ٹرین میں دھماکے کے بعد ٹرین روکنے کے لئے ایمرجنسی زنجیر کھینچتے رہے مگر گاڑی کو نہیں روکا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ دھماکا اکانومی کلاس کی بوگی نمبر 6 میں ہوا۔
پولیس نے سرچ آپریشن کے بعد ٹرین کی دیگر بوگیوں کو کلیئر قرار دے دیا ہے۔ ترجمان ریلوے کے مطابق دھماکاسلنڈر پھٹنے کے باعث ہوا ، دھماکے میں جاں بحق ہونے والی خاتون مسافر کی شناخت کرلی گئی ہے، جوبہاولپور کی رہائشی تھی۔