ملتان( نئی تازہ سپورٹس ڈیسک ) پی ایس ایل کے آٹھویں ایڈیشن کے میچ میں ملتان سلطانز نے احسان اللہ کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت آسان ہدف ملنے پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔
بدھ کی شب ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی ٹیم ا بتدا ہی سے مشکلات کا شکار رہی اور یکے بعد دیگرے وکٹیں گنواتی رہی ، پوری ٹیم 18.5 اوورز میں 110 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے جیسن روئے 27۔ محمد حسنین 22، محمد حفیظ 18 محمد نواز 14، عمر اکمل 11 اور مارٹن گپٹل نے 7 رنز بنا ئے۔ جبکہ کپتان سرفراز احمد 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ملتان سلطانز کی جانب سے احسان اللہ نے تباہ کن بائولنگ کی اور 5 وکٹیں حاصل کیں، ثمین گل اور عباس آفریدی نے 2،2 اور اسامہ میر نے ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان سپر لیگ میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔ ملتان سلطانز نے 111 رنز کا آسان ہدف صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 14 ویں اوور میں ہی حاصل کر لیا۔ملتان سلطانز کی جانب سے رائلی روسو 78 رنز بنا کر سر فہرست رہے ، محمد رضوان 28 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ ٹیم کے واحد آئوٹ ہونے والے کھلاڑی شان مسعود تھے جو 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ان کی وکٹ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے نوان تھوسارا کو ملی۔ ملتان سلطانز کےاحسان اللہ کو ان کی عمدہ باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔