ملتان (نئی تازہ سپورٹس ڈیسک) لاہور قلندرز نے سنسنی خیز اور دلچسپ مقابلے کے بعدپی ایس ایل کے افتتاحی میچ میں ملتان سلطانز کو ایک رن سے شکست دے دی۔
پیر کی شب ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ ( PSL ) کے آٹھویں ایڈیشن کا آغاز ہو گیا ،پہلے میچ میں
ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی ، لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنائے۔.لاہور قلندرز کی جانب سے فخر زمان 66 رنز بنا کر سر فہرست رہے۔ مرزا طاہر بیگ 32، حسین طلعت 20 اور شائی ہوپ 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ جبکہ سکندر رضا 19 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ملتان سلطانز کی جانب سے احسان اللہ اور اسامہ میر نے 2،2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیاجبکہ عقیل حسین اور شاہنواز دہانی کو ایک، ایک وکٹ ملی۔
مڈل ارڈر کھلاڑیوں کے آئوٹ ہو جانے کے بعد میچ کے اختتامی مراحل میں خوشدل شاہ سےٹیم کی امید بندھی ۔ ملتان سلطانز کو آخری گیند پر 6 رنز درکار تھے،
خوشدل شاہ نے زمان خان کی گیند پر چھکا لگانے کی کوشش کی لیکن وہ چوکا ہوگیا، اس طرح لاہور قلندرز کو ملتان سلطانز کے خلاف سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رنز سے کامیابی مل گئی اور دفاعی چیمپیئن نے ٹورنامنٹ میں فاتحانہ آغاز کیا۔ملتان سلطانز کی جانب سے کپتان محمد رضوان 75 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ شان مسعود 35، ڈیوڈ ملر 25 اور کیرون پولارڈ 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔لاہور قلندرز کی جانب سے کپتان شاہین آفریدی، حارث رؤف، حسین طلعت اور زمان خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔فخر زمان کو اپنی ٹیم کی فتح میں نمایاں کردار کرنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا.