لاہور(نئی تازہ نیوز) پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن اور حکومت کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے، 14 فروری کی ہڑتال نہیں ہو گی۔چیئرمین پنجاب فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب افتخار مٹو کے زیر قیادت فلور ملز ایسوسی ایشن کے وفد کوصوبائی حکام کی طرف سے مدعو کیا گیا۔
نگران صوبائی وزیر انڈسٹری ایس ایم تنویر، وزیر کمیونیکیشن اینڈ ورکس بلال افضل اور وزیر ہائر ایجوکیشن منصور قادر نے فلور ملز ایسوسی ایشن کے ساتھحکومت کی طرف سے مذاکرات کئے، فریقین نے تفصیل سے تمام امور پر بات کی جس کے بعد مذاکرات کامیاب ہونے کا علان کیا گیااور سیکرٹری فوڈ زمان وٹو کو فلور ملزایسوسی ایشن کے مطالبات ماننے کی ہدایات کر دی گئیں۔
نگران وزراء نے فلور ملز ایسوسی ایشن کے مطالبات سے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کو آگاہ کردیا، وفد میں چیئرمین پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن عاصم رضا، چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب افتخار مٹو، لیاقت علی خان، چودھری ریاض، حافظ احمد قادر سمیت دیگررہنما شامل تھے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل پنجاب میں فلور ملز مالکان کو گرفتار کرنے کیلئے صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو احکامات جاری کیے گئے تھے۔حکومتی کارروائی کے پیش نظر فلورملز مالکان نے 14 فروری کو ہڑتال کا اعلان کر دیا جس پرحکومت کو خدشہ تھا کہ ملک گیر آٹے کا بحران پیدا ہو سکتا ہے، فلور ملز مالکان اور حکومت کے درمیان مذاکرات کے بعد فلور ملز مالکان نے ہڑتال کی کال واپس لے لی۔