کوئٹہ (نئی تازہ مانیٹرنگ) وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے واضح طور پر کہا ہے کہ استعفیٰ نہیں دونگا،تمام مسائل کا ملبہ سیاست دانوں پر ڈالا جاتا ہے، کام نہیں کرنے دیا گیا تو سپریم کورٹ جائوں گا، تمام شعبوں میں اصلاحات کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو میں وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ نہیں معلوم آج کے بعد کرسی پر رہوں گا یا نہیں لیکن اتا کمزور نہیں کہ استعفیٰ دے دوں۔عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ بہت سے دوست پارٹی چھوڑ کر گئے ہیں، جو جاتا ہے جائے بسم اللہ۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ لوکل باڈیز کے الیکشن میں کسی جماعت نے انگلی نہیں اٹھائی،حمایت کرنے والی تمام جما عتوں کا شکر گزار ہوں،انہوں نے واضح کیا کہ اتنا کمزور نہیں ہوں، مشکلات کا سامنا کروں گا، مشکلات اللہ کی طرف سے آتی ہیں،استعفیٰ نہیں دوں گا اور ہمت نہیں ہاروں گا، میں نے کہا تھا جوڈیشری اپنا کام نہیں کر رہی، عدلیہ اور دسرے اداروں کی طرف سے مشکلات آ رہی ہیں۔
وزیر اعلیٰ عبدالقدوس بزنجو نے کہا کافی دنوں سے سوچ رہا تھا اس کرسی پر رہوں گا یا نہیں، الیکشن کمیشن کے گوشواروں میں الیکشن اخراجات پر جھوٹ بولا جاتا ہے، کوئی بھی دس پندرہ کروڑ سے کم خرچ نہیں کرتا، تمام مسائل کا ملبہ سیاست دانوں پر ڈالا جاتا ہے، ووٹرز دن رات محنت سے ہمیں اقتدار تک پہنچاتے ہیں، سیاست دانوں کی کوئی تعریف نہیں کرتا۔ شائد الیکشن میں بھی حصہ نہ لوں۔
عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ سسٹم میں بہت خامیاں اور مشکلات بہت زیادہ ہیں، سیلاب بہت بڑا امتحان تھا، محدود وسائل کے باوجود سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کی۔سیلاب کے دوران فوٹو شاپ پر زیادہ توجہ نہیں دی، سیلاب ایک ضلع نہیں پورےصوبہ میں آیا تھا، فیصلہ کیا تھا سیلاب کے دوران کسی کے آگے ہاتھ نہیں پھیلانا، صرف اللہ کے آگے ہاتھ پھیلائیں گے۔