اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) پاکستان اور بین الاقوامی مانیٹری فنڈ ( آئی ایم ایف) کے درمیان ایک ارب 10 کروڑ ڈالرز قرض کے نویں پروگرام کیلئے دس روز سے جاری مذاکرات ختم ہوگئے، مذاکرات میں اسٹاف کی سطح کا معاہدہ نہیں ہوسکا ، آئی ایم ایف نے اس کے لیے مزید وقت مانگ لیا۔ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کے جائزہ مشن کے سربراہ کی وزیر اعظم شہباز شریف سے بذریعہ ویڈیو لنک گفتگو ہوئی جس میں شہباز شریف نے معاملات کی منظوری دی۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات اختتام پذیر ہوگئے، جائزہ مشن کے ساتھ اسٹاف کی سطح کا معاہدہ نہیں ہوسکا، جو واشنگٹن کی منظوری کے بعد ہوگا۔ بیان کے مطابق آئی ایم ایف کا وفد جمعہ کی صبح واپس روانہ ہو جائےگا، آئی ایم ایف کی ٹیم نے ایم ای ایف پی مسودہ پاکستان کے حوالے کردیا ہے۔ بیان کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان کچھ معاملات تصفیہ طلب ہیں جن کے بارے میں فیصلہ واشنگٹن کی منظوری سے ہوگا، پاکستان اور آئی ایم ایف کا ایکشن اور پیشگی اقدامات پر اتفاق ہوگیا۔
سیکرٹری وزارت خزانہ حامد شیخ نے بتایا کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان تقریباً تمام امور پر اتفاق رائے ہو گیا ہے، کچھ نکات پر اختلاف ہے اور ان نکات پر فیصلہ کرنا آئی ایم ایف مشن کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف مشن واشنگٹن سے منظوری کے بعد پاکستان کے ساتھ معاہدے کے حوالے سے تفصیلی بیان جاری کرے گا۔سیکرٹری وزارت خزانہ نے بتایا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ پیشگی اقدامات پر معاہدہ طے پا گیا ہے، بہت جلد اسٹاف لیول معاہدہ کی یقین دہانی کرائی گئی ہے، آئی ایم ایف نے پاکستان کے بیرونی ذرائع آمدن کی بھی تصدیق کر لی ہے، قرض معاہدہ جلد طے پا جائے گا۔
وزارت خزانہ کے ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف مشن نے اسٹاف لیول معاہدے کیلئے مزید وقت مانگا ہے، جس کی منظوری عالمی مالیاتی فنڈز کا بورڈ دے گا۔ سیکریٹری خزانہ حامد یعقوب شیخ نے کہا کہ تصفیہ طلب نکات پر فیصلہ واشنگٹن میں ہوگا،آئی ایم ایف نے غیر ملکی فنانسنگ کے لیے سفیروں سے ملاقات کرکے تصدیق بھی کرلی ہے۔
وزارت خزانہ کے بیان کے مطابق آئی ایم ایف کے جائزہ مشن نے اسٹاف سطح کے معاہدے کو واشنگٹن کی منظوری سے مشروط کرتے ہوئے وقت مانگا ہے، آئی ایم ایف جائزہ مشن مذاکرات سے متعلق اعلامیہ جاری کرے گا جس کے بعد منظوری ہونے کا امکان ہے۔ واشنگٹن کے اعلامیے کے بعد اسحاق ڈار پریس کانفرنس میں مذاکرات کی کامیابی کا اعلان کریں گے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان آئی ایم ایف سے جلد بورڈ میٹنگ بلانے کی درخواست کرے گا۔آئی ایم ایف جائزہ مشن کے ساتھ نویں اقتصادی جائزہ کی تکمیل کے بعد آئی ایم ایف بورڈ قسط جاری کرنے منظوری دے گا، جس کے بعد پاکستان کو ایک ارب 10 کروڑ ڈالر قرض کی اگلی قسط کی منظوری دی جائے گی۔