اسلام آباد (نئی تازہ نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ ترکیہ کے باعث 9 فروری کو بلائی گئی کل جماعتی کانفرنس مؤخر کردی گئی ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کے مطابق جمعرات کو ہونے والی اے پی سی مؤخر کردی گئی ہے ۔ مریم اورنگزیب نے ایک ٹویٹ میں بتایا کہ وزیراعظم بدھ کی صبح انقرہ روانہ ہوں گے، اے پی سی کی آئندہ تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائےگا۔
وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ترکیہ میں زلزلے کی تباہی کے بعد اظہار یکجہتی کے لئے ترکیہ جانےکا فیصلہ کیا ہے۔وزیراعظم اور وزیرخارجہ کے دورے کا مقصد مصیبت کی گھڑی میں ترک حکومت اور عوام سے اظہار ہمدردی کرنا ہے، اس دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف ترک صدر طیب اردوان سے بھی ملاقات کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پشاور پولیس لائنز دھماکے کے بعد تمام قومی سیاسی قائدین کو ایک میز پر لانے کا فیصلہ کیا تھا، اور دہشت گردی سمیت اہم قومی اہمیت کے مسائل و معاملات پر غور و خوض اور اتفاق رائے کے لیے آل پارٹیز کانفرنس 7 فروری کوطلب کرنے کا فیصلہ ہوا تھا۔ایک روز قبل کانفرنس کی تاریخ 7 فروری سے تبدیل کر کے 9 فروری کی گئی تھی جسے اب دوسری مرتبہ ملتوی کردیا گیا ہے۔ کانفرنس میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سمیت تمام قومی سیاسی جماعتوں کی قیادت کو مدعو کیا تھا۔