اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ)حکومت نے بیرسٹر شہزاد عطاالٰہی کواٹارنی جنرل آف پاکستان تعینا ت کردیا ہے۔صدرعارف علوی نے ان کی تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔ ایوان صدر کے بیان کےمطابق بیرسٹر شہزاد عطا الہیٰ کو منصور عثمان اعوان کے عہدہ نہ سنبھالنے کے باعث اٹارنی جنرل تعینات کیا گیا ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے تعیناتی کی منظوری آئین کے آرٹیکل 100 اور رولز آف بزنس کے تحت دی۔اس سے قبل منصور عثمان اعوان کے نام کی منظوری دی گئی تھی تاہم انہوں نے حکومت کو خط لکھ کرکام کرنے سے معذرت کرلی تھی ۔ یہ عہدہ سابق اٹارنی جنرل اشتر اوصاف علی کے استعفیٰ کے بعد خالی ہوا تھا ۔
بیرسٹر شہزاد عطاالٰہی سابق صدر فضل الٰہی چوہدری کے پوتے ہیں جنہوں نے 1973 سے 1978 تک ملک کے سربراہ مملکت کے طور پر خدمات انجام دیں۔ بیرسٹر شہزاد عطاالٰہی معروف لائ فرم کارنیلیس، لین اینڈ مفتی سے منسلک ہیں ۔ اٹارنی جنرل کی عدم موجودگی کے باعث گزشتہ ماہ سپریم کورٹ اور اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکومت پر ناراضگی ظاہر کی تھی۔ سپریم کورٹ کے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے ایک حکم نامہ میں کہا گیا تھا کہ اٹارنی جنرل ایک آئینی عہدہ ہے جسے خالی نہیں چھوڑا جا سکتا کیونکہ آئین میں قائم مقام اٹارنی جنرل آف پاکستان کا کوئی ذکر نہیں ہے۔