بہاولپور (نئی تازہ رپورٹ) مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزرو سینئر نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان نے آئی ایم ایف کے ساتھ جو معاہدے کیے ان کی پاسداری نہ کریں تو پاکستان ڈیفالٹ کرسکتا ہے۔ خیبرپختونخوا میں گھڑی چور کی حکومت 10سال رہی ، انہوں نے دہشتگردوں کے لئے دروازے کھولے۔ بہاولپور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا کہ عوامی رابطہ مہم مسلم لیگ ن کی قوت میں اضافہ کرے گی ، نواز شریف بہت جلد وطن واپس آئیں گے، انہوں نے تیاری بھی شروع کر دی ہے لیکن حتمی تاریخ ٹکٹ کنفرم ہونے تک نہیں بتا سکتی۔
مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کو اقتدار تک پہنچنے کے لیے بیساکھیوں کی ضرورت تھی ، وہ چار سال اقتدار میں رہے تو اسٹیبلشمنٹ کی تعریفیں کرتے رہے، اقتدار سے باہر آنے پر اسٹیبلشمنٹ کو تنقید کا نشانہ بنانا شروع کر دیا۔انہوں نے کہا کہ ہمارا کسی سے ذاتی جھگڑا نہیں ، ہمارا بیانیہ حقائق پر مبنی ہے ، میں اور حکومت انتقام پر یقین نہیں رکھتے ، اگر جرم کیا ہے تو سزا ملنی چاہیے، ناحق کسی کو پکڑنے کے حق میں نہیں ہوں۔مریم نواز نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں گھڑی چور کی حکومت 10سال رہی ، انہوں نے دہشتگردوں کے لئے دروازے کھولے، خیبرپختونخوا کو جو فنڈز ملے وہ وہاں استعمال نہیں ہوئے جہاں استعمال ہونے چاہیے تھے، خیبرپختونخوا میں پولیس نہتی ہے، کمزوری کو ماننا پڑے گا ۔
مسلم لیگ ن کی رہنما نے کہا کہ معیشت پر حملہ اس فتنہ خان نے کیا ہے ، آئی ایم ایف معاہدے نے ہمارے ہاتھ باندھے ہوئے ہیں ، ہم اگر ریلیف دینا چاہیں بھی تو نہیں دے پارہے ہیں ۔شاہد خاقان عباسی سے متعلق سوال پر مریم نواز نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی ہمارے سینئر ہیں، وہ نواز شریف کے دیرینہ ساتھی اور میرے بڑے بھائی ہیں، ان کی اور دیگر پارٹی رہنماؤں کی سرپرستی میں آگے بڑھوں گی۔مریم نواز شریف نے کہا کہ میں شاہد خاقان عباسی سے خود ملوں گی، ہم اپنے دلوں کی باتیں ایک دوسرے کے سامنے رکھیں گے لیکن مخالفین اس میں جو خوشی ڈھونڈنے کی کوشش کر رہے ہیں انہیں وہ خوشی نہیں ملے گی کیونکہ شاہد خاقان عباسی بہت باوفا اور بااصول آدمی ہیں۔ مسلم لیگ ن رہنما نے کہا کہ الیکشن جب بھی ہو گا ہم نے آج سے اپنی تیاری شروع کردی ہے، مسلم لیگ ن میدان میں آچکی ہے اور مسلم لیگ ن الیکشن جیتے گی اور ان فتنوں کو اٹھا کر میدان سے باہر پھینکے گی۔