اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ ) پی ٹی سی ایل نے ٹیلی نارپاکستان کی خریداری میں دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے 80 کروڑ سے ایک ارب 20 ڈالرز کی غیر مشروط پیشکش کی ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی ( پی ٹی سی ایل ) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے گزشتہ ہفتے اس معاملہ کی منظوری دی اور انتظامی کنٹرول کے ساتھ ٹیلی نار کو حاصل کرنے میں دلچسپی کا ا ظہار کیا۔ معلوم ہوا ہے کہ پی ٹی سی ایل کی مالک متحدہ عرب ا مارات کی کمپنی اتصلات اس معاہدے کے لیے قرضوں کی ضمانت دے گی۔
ذرائع نے بتا یا کہ ٹیلی نار نے ادائیگی ڈالرز میں مانگی ہے جس کا انتظام قبل ہوجائے گا۔ معلوم ہوا ہے کہ پی ٹی سی ایل نے اپنی اس دلچسپی سے وزیراعظم شہباز شریف کو آگاہ کردیا ہے۔ پی ٹی سی ایل کی نجکاری کی مد میں یو اے ای کی مالک کمپنی اتصلات پر 80 کروڑ ڈالرز 2005 کے بعد سے واجب الادا ہیں ۔ اس کے علاوہ ملک کے مختلف علاقوں میں ا راضی اور املاک کی منتقلی جیسے مسائل بھی موجود ہیں۔ ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ملازمین سے متعلق معاملات بھی طے نہیں ہوئے۔ سودا طے پا جانے کی صورت میں یو فون کے بعد ٹیلی نار بھی پی ٹی سی ایل کا ذیلی ادارہ بن جائےگا۔ متوقع خریداری کی منظوری اقتصادی رابطہ کمیٹی اور کابینہ سے لی جائے گی۔