اسلام آباد( نئی تازہ نیوز) متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زاید النہیان کی آمد کے موقع پر دارالحکومت اسلام آباد میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔پولیس نے شہریوں کو عام تعطیل کے موقع پر غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے.اسلام آباد پولیس نے ایک بیان میں میں کہا کہ غیر ملکی مہمانان کی آمد کے سبب بروز سوموار اسلام آباد میں عام تعطیل ہے۔وفود کی آمد و رفت کی وجہ سے اسلام آباد کے داخلی اور خارجی راستوں، ریڈ زون اور ایکسپریس ہائی وے پر غیر معمولی سیکورٹی انتظامات کیے گئے ہیں ۔ غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں۔بیان میں شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ سفر کرنے سے پہلے پکار 15 سے شاہراہوں کی صورتحال معلوم کریں۔ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع پکار 15 پر دیں اور سیکورٹی چیکنگ کے دوران پولیس سے تعاون کریں۔
متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زاید النہیان چند روزسے نجی دورے پر رحیم یار خان میں موجود تھے۔ وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے انہیں اسلام آباد آنے کی دعوت دی تھی۔وزیراعظم آفس کے ذرائع کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زاید النہیان پیر کی صبح دس بجے اسلام آباد پہنچ رہے ہیں، جہاں وزیراعظم شہباز شریف ان کا استقبال کریں گے، وزیراعظم ہاؤس میں معزز مہمان کو گارڈ آف آنر دیا جائے گا۔ شیڈول کے مطابق گارڈ آف آنر کے بعد وزیراعظم ہاؤس میں ہی متحدہ عرب امارات کے صدر کی وزیراعظم سے ملاقات ہو گی جبکہ وزیراعظم اس موقع پر معزز مہمان کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیں گے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں باہمی دلچسپی کے دوطرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال ہوگا جس کے بعد وزیراعظم ہاؤس میں ہی وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق گارڈ آف آنر کے موقع پر تینوں افواج کے سربراہان وزیراعظم ہاؤس میں ہی موجود ہوں گے۔