لاہور ( نئی تازہ رپورٹ) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اورہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا ہے کہ بابر اعظم اور بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کا کوئی موازنہ نہیں ہے۔ مصباح الحق نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ویرات کوہلی بہت کرکٹ کھیل چکے جبکہ بابر اعظم کا ابھی آغاز ہے اس لئے دونوں کا موازنہ کرنا درست نہیں ہے۔
سابق کپتان نے نے کہا کہ ویرات کوہلی نے جو کچھ حاصل کیا اس کا کوئی موازنہ ہی نہیں، بابر اعظم ایک کلاسیکل بیٹر ہیں، اب تک ان کی شاندار پرفارمنس ہے، وہ ہر سال ہر فارمیٹ میں ٹاپ5 رینکنگ میں آتے ہیں۔
مصباح الحق نے کہا کہ ٹیسٹ پرفارمنس نیچے آئی ہے اس بارے میں ہمیں سوچنا ہوگا، اس کے اکیلے بابر اعظم ذمہ دار نہیں ہیں، اس میں پلاننگ کا فقدان، ٹیم سلیکشن اور کئی چیزیں شامل ہیں۔
مصباح الحق نے کہا کہ بابر اعظم کو جس طرح سے ٹارگٹ کیا گیا وہ درست نہیں ہے، کپتان ہو یا کوئی اور کھلاڑی، پہلے ہمیں چیزوں کا جائزہ لینا چاہیے، صرف بیانیہ بنانے یا دباؤ ڈالنے سے فیصلہ نہیں کرنا چاہیے۔