حب ( نئی تازہ رپورٹ) بیلہ میں چینکی اسٹاپ کے قریب مسافر بس کھائی میں گرنے سے 39 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔اطلاعات کے مطابق کوئٹہ سے کراچی جانے والی مسافر بس تیز رفتاری کے باعث چینکی اسٹاپ کے قریب کھائی میں جا گری جس کے بعد بس میں آگ بھڑک اٹھی اور مسافر بس میں پھنس کر زندہ جل گئے۔اسسٹنٹ کمشنر لسبیلہ کے مطابق مسافر بس کے حادثے میں 39 افراد جاں بحق ہوئے، بس میں بچوں اور خواتین کی زیاداہ تعداد سوار تھی ۔
اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق زیادہ تر لاشیں جل جانے کی وجہ سے ناقابل شناخت ہو چکی ہیں اور اُن کا ڈی این اے کروایا جائے گا۔ صرف تین مسافروں کو زندہ بچایا جا سکا۔ حادثہ صبح ساڑھے تین بجے کے قریب پیش آیا اندھیرا ہونے کی وجہ سے دور دراز علاقہ تک بروقت امداد نہ پہنچ سکی۔
ایدھی ذرائع کے مطابق حادثے کے بعد مسافر بس میں آگ بھڑک اٹھی جس کے باعث مسافروں کو بس سے نکالنے میں مشکل پیش آ ئیں۔ ایدھی سینٹر لسبیلہ کے انچارج ڈاکٹر عبدالحکیم لاسی نے میدیا کو بتایا کہ مسافر کوچ میں 48 افراد سوار تھے، بس میں آگ کی وجہ سے پھنسے مزید مسافروں کو نکالنے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے مسافر بس کے المناک حادثے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔