اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے اسی مہینے معاہدہ ہوجائے گا۔ آج کی دنیا میں آؤٹ سورسنگ ہی آگے بڑھنے کا طریقہ ہے، اب حکومتیں ادارے خود نہیں چلاتیں بلکہ انہیں آؤٹ سورس کرتی ہیں.وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جمعہ کو مارگلہ ریلوے اسٹیشن اسلام آباد پر گرین لائن ایکسپری ٹرین سروس کا افتتاح کیا . اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومتیں آتی جاتی رہتی ہیں، پاکستان اس دو راہے پر کھڑا ہے جہاں ہم ایک ایک پائی بچانے کی کوشش میں ہیں، زرمبادلہ کے ذخائر کو دیکھ کر درآمدات کی ترجیحی فہرست تیار کی ہے جن میں ادویات و خوراک سرفہرست ہیں۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ انشاءاللہ آئی ایم ایف سے اسی مہینے معاہدہ ہوجائے گا اور مشکلات سے باہر نکل آئیں گے، یہمشکل وقت ہے، لیکن ہم مشکلات سے نکلیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے چینی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایم ایل ون کو تیزی سے آگے بڑھانے کےلیے چینی حکومت یکسو ہے، کاش پچھلے 4 سال میں ایسے منصو بے بے بنیاد الزام تراشی کا شکار نہ ہوتے، بات یہیں تک رہتی تو معاملہ اتنا خراب نہ ہوتا، لیکن چینی کمپنیوں پر کرپشن کے بے بنیاد الزامات سے چینی حکومت اوران کے عوام کو بہت تکلیف ہوئی۔ وزیراعظم نےکہا کہ چین کے ساتھ گزشتہ 4 سال میں تعلقات جتنے خراب ہوئے ہیں، ان کی بحالی آسان کام نہیں،حالیہ دورے میں چینی حکومت نے پرتپاک استقبال کیا، لیکن ابھی برف پگھل رہی ہے ، دلوں کے رشتوں میں بال آجائے تو انہیں جوڑنا آسان کام نہیں، شہباز شریف نے کہا کہ میں شکر گزار ہوں کہ ان مشکل حالات میں بھی چینی حکومت نے پاکستان کا ہاتھ تھاما ہوا ہے، لیکن ہمیں اب اس سفر کو بدلنا اور محنت کو شعار بنانا ہوگا، ایثار وقربانی سے کام لینا ہوگا، کب تک دوسروں کے سہارے چلیں گے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد اور کراچی کے درمیان گرین لائن ٹرین سیلاب کی وجہ سے بند کی گئی تھی جسے اب پھر سے فعال کیا گیا ہے . ٹرین میں مسافروں کوناشتہ، کھانا، بیڈنگ، یوٹیلیٹی پیک اور ہائی ٹی جیسی کئی معیاری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ریلوے حکام کے مطابق گرین لائن ٹرین کی مختلف کیٹیگریز کا کرایہ ان سہولیات کے مطابق رکھا گیا ہے-گرین لائن کے ذریعے مسافرں کو آرام دہ ترین سفر فراہم کیا جائے گا۔ٹرین مارگلہ اسٹیشن اسلام آباد سے دن 3 بجے روانہ ہو کر اگلے روز دوپہر 2 بجکر 20 منٹ پر کراچی پہنچا کرےگی۔ اے سی بزنس کلاس کا کرایہ 9450 روپے، اے سی پارلر کا کرایہ 8500 روپے، اے سی اسٹینڈرڈ کا کرایہ 7550 روپے اور اکانومی کلاس کا کرایہ 4200 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ سہولیات کے بدلے مسافروں سے کوئی اضافی رقم وصول نہیں کی جائے گی.ریلوے ذرائع کے مطابق گرین لائن ٹرین چین سے درآمد کی گئی نئی کوچز اور عمدہ انتظامات کے ساتھ فعال کی جارہی ہے-