کراچی ( نئی تازہ رپورٹ) گزشتہ دہائی میں پاک ترکیہ تجارتی حجم 10 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔ یہ انکشاف صوبائی وزیر برائے صنعت و محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجوکی طرف سے کراچی میں پاک۔ترکیہ تجارتی وفد کے اعزاز میں منعقدہ تقریب کے دوران کیا ، تقریب میں دونوں ممالک سے تعلق رکھنے والے صنعت کاروں نے شرکت کی.
ترکیہ کی 30 بڑی کمپنیوں سے تعلق رکھنے والی کاروباری شخصیات صوبہ سندھ کا دورہ کر رہی ہیں۔ جس کا مقصد باہمی تجارتی تعلقات کا فروغ ہے۔ صوبائی وزیر برائے جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ گزشتہ دہائی میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم دس ارب ڈالر ہو گیاہے۔ ترکیہ کے سرمایہ کار پاکستان بالخصوص سندھ میں سرمایہ کاری کرکے مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ کے لئے اگست 2022 میں معاہدہ طے پایاہے۔ کراچی میں تعینات ترک قونصل جنرل جمال سانگو نے اپنے کطاب میں کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ تجارت، صنعت، سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کا خواہشمند ہے۔ دونوں ممالک کی تاجر برادری آپس میں روابط کو مضبوط بنائے اور تجارتی و اقتصادی تعلقات کو وسعت دینے کے لیے کوششیں تیز کرے۔
تقریب سے خطاب میں صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری طارق یوسف نے کہا کہ ٹیکسٹائل، فرنیچر، کیمیکلز، ایگری مشینری اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے 40 مندوبین اور 30کمپنیوں پر مشتمل ترکیہ کا تجارتی وفد پاکستانی تاجروں اور کمپنیوں سے ملاقاتوں کا خواہشمند ہے۔