اسلام آباد / دبئی( نئی تازہ رپورٹ) متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کا عندیہ دیا ہے۔
یواے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان ایک روزہ دورے پر رحیم یار خان آئے ، وزیراعظم شہباز شریف نے مہمان کا چاندنہ ائیرپورٹ پر استقبال کیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم اور عرب امارات کے صدر کی برادرانہ ماحول میں ہونے والی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال ہوا- شیخ محمد بن زاید وزیراعظم شہباز شریف کا ہاتھ تھام کر اپنے خصوصی طیارے میں لےگئے۔ نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ صدر یو اے ای نے وزیراعظم کو پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کرنےکا بھی عندیہ دیا، اور کہا کہ آپ تیاری کریں، متحدہ عرب امارات پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کرےگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے وزیراعظم کی اپنے اہل خانہ اور بچوں سے بھی ملاقات کرائی، اس موقع پروزیراعظم شہباز شریف نے یو اے ای کے صدر کے بچوں سے عربی اور انگریزی زبان میں بات چیت کی۔
متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے وزیراعظم شہباز شریف کے دورے کے بعد صدرشیخ محمد بن زاید کے پاکستان کے دورے کو انتہائی اہم قرار دیا. انہوں نے کہا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کی اہمیت اجاگر کرتا ہے-