لاہور( نئی تازہ نیوز) پنجاب میں بیورو کریسی میں اعلی سطح پر تقرر وتبا دلے کرتے ہوئے چیف سیکرٹری ، آئی جی پولیس اور سی سی پی او لاہور کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا۔
جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب عبداللہ سنبل کو اسٹیبلیشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے، ان کی جگہ زاہد اختر زمان کو نیا چیف سیکرٹری تعینات کیا گیا ہے، اس سے قبل زاہد اختر زمان سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب کے طور پر کام کر رہے تھے۔زاہد اختر زمان ایڈیشنل سیکریٹری کابینہ ڈویژن اور ایڈیشنل چیف سیکریٹری جنوبی پنجاب کے طور پر فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔
ادھروفاقی حکومت نے آئی جی پولیس پنجاب عامر ذوالفقار کو تبدیل کر کے ان کی جگہ ڈاکٹر عثمان انور کو نیا آئی جی تعینات کر دیا ہے، ڈاکٹر عثمان اس سے قبل ایڈیشنل آئی جی موٹروے تعینات تھے۔ اس حوالے سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق عامر ذوالفقار کو اسلام آباد میں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کا حکم دیاگیا ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور سی ٹی ڈی پنجاب میں بھی تعینات رہے ہیں جب کہ انہوں نے ایس ایس پی آپریشنز فیصل آباد، سی آئی ڈی اور چیف ٹریفک افسر راولپنڈی کے طور پر بھی فرائض سرانجام دیئے ہیں، وہ اسلام آباد میں وزیراعظم آفس، ڈی پی او سرگودھا، ڈی پی او اوکاڑہ اور ایلیٹ پولیس میں بھی زمہ داریاں سرانجام دے چکے ہیں۔
لاہور کے کیپیٹل سٹی پولیس افسر سی سی پی او غلام محمود ڈوگر کو بھی تبدیل کردیا گیا ہے۔ ان کی جگہ تقرری کے منتظر بلال صدیق کمیانہ کو تعینات کیا گیا ہے۔غلام محمود ڈوگر کو محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن پنجاب کو رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیاہے۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہی کے پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی کو بھی عہدے سے ہٹا دیاگیا اور ان کی خدمات واپس پنجاب اسمبلی کے سپرد کردی گئیں۔ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کی منظوری کے بعد نئے افسران تعینات کردیئے گئے ہیں۔الیکشن کمیشن نے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں تبادلے پیشگی منظوری سے مشروط کئے تھے۔