تاشقند( نئی تازہ رپورٹ) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے تاجکستان کے وزیر خارجہ سراج الدین محی الدین سے ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے حالیہ اعلی سطح رابطوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور موجودہ شاندار دوطرفہ تعلقات اوراقتصادی تعاون خاص طور پر تجارت، توانائی اورربط سازی جیسے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اقتصادی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لئے ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند پہنچے ہیں۔ اس سے قبل انہوں نے ازبکستان کے قائم مقام وزیر خارجہ سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، اس موقع پر دونوں ممالک کے رہنمائوں نے تجارت اور توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری ای سی او کی 26 ویں وزارتی کونسل کے اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں .
دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اس موقع پروزارتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کریں گے، جبکہ رکن ممالک کے وزرااور دیگر مندوبین سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی ہوں گی۔
وزارتی کونسل ،اقتصادی تعاون تنظیم کا پالیسی ساز فورم ہے جو ای سی او کے فیصلوں اور سالانہ ورک پلان کی منظوری دیتا ہے، اقتصادی تعاون تنظیم کا 25 واں وزارتی کونسل اجلاس نومبر 2021 میں ترکمانستان کے شہراشک آباد میں منعقد ہوا تھا۔