اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو مشکل ترین معاشی چیلنجز کا سامنا ہے۔ بھارت سے مسئلہ کشمیر سمیت تمام تنازعات کے حل کیلئے بات چیت پرتیار ہیں۔موجودہ حکومت آئینی مدت پوری کرے گی، کرپشن کے معاملے پر ہماری پالیسی زیرو ٹالیرنس ہے۔
عرب ٹی وی کو ایک انٹرویو میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو مشکل ترین معاشی چیلنجز کا سامنا ہے۔ ملک کو درپیش چیلنج سے نکال کر اپنے پائوں پر کھڑا کریں گے، ہماری حکومت میں کرپشن کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان دہائیوں سے برادرانہ تعلقات ہیں۔ ہم اسلام کو سلامتی کا مذہب ثابت کرنے کے لئے خلیجی ممالک کے ساتھ تعاون کرتے ہیں۔پاکستان خلیجی ممالک کی تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے کام کر رہا ہے۔بھارت سے متعلق سوال کے جواب میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بھارت کے ساتھ بنیادی مسائل حل کرکے پرامن ہمسائے کے طورپر رہنا چاہتے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان 3 جنگوںکا نتیجہ غربت اور بیروزگاری کے علاوہ کچھ نہیں نکلا۔وزیراعظم نے کہا کہ کہ بھارت سے مسئلہ کشمیر سمیت تمام تنازعات کے حل کیلئے بات چیت پرتیار ہیں، بھارتی قیادت ہمارے ساتھ مل بیٹھ کر تمام دیرینہ تنازعات حل کرے تا کہ ہتھیاروں کی دوڑ کی بجائے اپنے وسائل غربت اور بے روزگاری کے خاتمہ کے لئے خرچ کر سکیں ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر سے متعلق5 اگست 2019 کا یکطرفہ غیر قانونی اقدام واپس لے۔
شہباز شریف نے مشرقی یورپ میں کشیدہ صورت حال پر کہا کہ اس کے دنیا پر تباہ کن اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے اسلام آباد کوچین اور امریکا کے درمیان پل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت دیگر دوست ممالک نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ، ہم اس تعاون کو سرمایہ کاری اور تجارت کے شعبوں میں منتقل کرناچاہتے ہیں۔ایک اور سوال کے جواب میں شہباز شریف نے واضح طور پر کہاکہ میری حکومت میں کرپشن کی کوئی گنجائش نہیں، میرا وژن ہر وقت دوسرے ممالک سے مدد مانگنا نہیں، پاکستانی قوم ایک بہادر اور محنتی قوم ہے، میرا یہ ایمان ہے کہ پاکستانی قوم ضرور اپنے پائوں پر کھڑی ہو گی۔