بھارت نے سری لنکن ٹیم کو تیسرے ون ڈے کرکٹ میچ میں 317 رنزن سے شکست دے کر ریکارڈ قائم کردیا۔
بھارت نے کیرالا کے گرین فیلڈ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں تاریخ بنائی۔پہلے کھیلتے ہوئے بھارتی ٹیم نے 5 وکٹ پر 390 رنز بنا ڈالے۔ ویرات کوہلی نے 166 جب کہ شبمان گل نے 116 رنز اسکور کیے۔ بڑے ہدف کے تعاقب میں سری لنکاکی ٹیم 22 اوورز میں صرف 73 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔ بھنڈارا زخمی ہونے کی وجہ سے بیٹنگ نہ کر سکے۔ فاسٹ بائولر محمد سراج نے32 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں۔
یہ ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں کسی بھی ٹیم کی رنز کے لحاظ سے سب سے بڑی کامیابی ہے۔
بھارت نے ون ڈے کی تاریخ میں رنز کے لحاظ سے سب سے بڑی کامیابی حاصل کر نے کے ساتھ ہی سیریز بھی تین صفر سے اپنے نام کرلی، اس سے قبل رنز کے اعتبار سے سب سے بڑی فتح نیوزی لینڈ نے حاصل کی تھی۔جس نے 2008 میں آئرلینڈ کو 290 رنز کے فرق سے شکست دی تھی ۔
تاریخی کامیابی دینے والے میچ کے دوران ویرات کوہلی نے اپنے ون ڈے کیرئیر کی 46ویں سنچری سکور کی یہ مجموعی طور پر انٹرنیشنل کرکٹ میں ان کی 74ویں سنچری تھی۔
بھارتی ٹیم کی اس سے پہلے ون ڈے میں سب سے بڑی کامیابی 257 رنز کی تھی۔ مارچ 2007 میں ہندوستان نے برمودا کی ٹیم کو ورلڈ کپ کے ایک میچ میں 257 رنز سے ہرایا تھا ۔ یہ میچ ویسٹ انڈیز میں کھیلا گیا تھا۔ بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے 5 وکٹ کے نقصان پر 413 رنز بنائے تھے۔
کیرالا: مانیٹرنگ ڈیسک