جینیوا( نئی تازہ مانیٹرنگ) پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لئے منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس میں عالمی برادری نے8 ارب 57 کروڑ ڈالر امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔
پاکستان کے سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے اقوام متحدہ کی اپیل پر سوئٹزرلینڈ کے شہر جینیوا میں بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ہے۔
پاکستان کی میزبانی میں ہونے والی کانفرنس میں متعدد عالمی رہنما اور مالیاتی اداروں کے نمائندے شریک ہیں ۔
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کے مطابق عالمی برادری نے پاکستان کے لیے 8 ارب 57 کروڑ ڈالر کی امداد کا اعلان کیا ہے۔
پیر کوسماجی رابطے کے ویب سائٹ پر اس حوالے سے تفصیلات بیان کرتے ہوئے وزیر اطلات نے کہا کہ جنیوا کانفرنس کے پہلے سیشن میں یورپی یونین نے 9 کروڑ 30 لاکھ ڈالر، جرمنی نے 8 کروڑ 8 لاکھ ڈالر، چین نے 10 کروڑ ڈالر، اسلامی ترقیاتی بینک نے 4 ارب 20 کروڑ ڈالر اور عالمی بینک نے 2 ارب ڈالر کی ا مداد دینے کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ فرانس نے 34 کروڑ 50 لاکھ ڈالر، جاپان نے 7 کروڑ 70 لاکھ، ایشائی ترقیاتی بینک نے ایک ارب 50 کروڑ ، یو ایس ایڈ نے 10 کروڑ ڈالر دینے وعدہ کیا ہے ۔
سعودی عرب کا ایک ارب ڈالر دینے کا وعدہ
مریم اورنگ زیب کے مطابق برادر ملک سعودی عرب نے سیلاب سے بحالی اور تعمیر نو کے مشکل کام میں پاکستان کی مدد کے لیے ایک ارب ڈالر دینے کا وعدہ کیا ہے۔
ادھربرطانوی خبر ایجنسی نے وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کے حوالے سے بتایا ہے کہ جنیوا میں ہونے والی کانفرنس میں پاکستان کو سیلاب کی بحالی میں مدد کے لیے اب تک 8.57 ارب ڈالر کی امداد کے وعدے کئے جا چکے ہیں۔
خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ ان کے ملک کو کو اگلے تین برس میں 8 ارب ڈالر کی ضرورت ہے اس طرح یہ وعدے ابتدائی طور پر پاکستان کی جانب سے طلب کردہ رقم سے زیادہ ہیں ۔
تاہم کانفرنس سے خطاب میں شہباز شریف نے سیلاب سے بحالی کے لئے درکار رقم کا تخمینہ 16 ارب 30 کروڑ ڈالر بتایا ہے۔