بیجنگ (نئی تازہ مانیٹرنگ) چین کی فوج نے تائیوان کے گرد ایک بار پھرجنگی مشقیں کی ہیں جن میں زمینی اور سمندری حملوں پر توجہ مرکوز کی گئی.
یہ ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں دوسری ایسی مشقیں ہیں۔
پیپلز لبریشن آرمی نے ایک بیان میں کہا کہ اس کی افواج نے تائیوان کے ارد گرد سمندر اور فضائی حدود میں مشترکہ جنگی تیاریوں کے گشت اور حقیقی جنگی مشقوں کا انعقاد کیا ہے۔
..اتوار کو جاری ایک مختصر بیان میں بتایا گیاکہ مشقوں کا مقصد مشترکہ جنگی صلاحیتوں کو جانچننے کے ساتھ بیرونی قوتوں اور تائیوان کی آزادی کی علیحدگی پسند قوتوں کی اشتعال انگیز کارروائیوں کاپختہ انداز میں مقابلہ کرنا تھا۔
واضح رہے کہ تائیوان کوچینی حکومت اپنا علاقہ سمجھتی ہے۔
چین نے گزشتہ ماہ کے آخر میں بھی اسی قسم کی مشقیں کی تھیں، تائیوان کے میڈیا نے کہا تھا کہ 43 چینی طیاروں نے آبنائے تائیوان کی درمیانی لائن کو عبور کیا، جو دونوں اطراف کے درمیان ایک غیر سرکاری بفر ہے۔
یاد رہے کہ گذشتہ اگست میں چین نے تائیوان کے قریب ایسے موقع پر جنگی مشقوں کا انعقاد کیا تھاجب امریکی ایوان کی اس وقت کی اسپیکر نینسی پیلوسی علاقے کے دورہ پر تھیں۔