آرمی چیف جنرل سیدعاصم منیرغیر ملکی سرکاری دورے کے پہلے مرحلے میں سعودی عرب پہنچ گئے۔ پاک فوج کے سربراہ ایک ہفتے تک جاری رہنے والے دورے کے اگلے مرحلے میںمتحدہ عرب امارات جائیں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق جنرل سیدعاصم منیر 4 سے 10 جنوری تک سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کا سرکاری دور ہ کر رہے ہیں۔
بیان میں بتایا گیا ہے کہ جنرل عاصم منیر اپنے دورے میں دونوں برادر ممالک کی اعلی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔
ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی، فوجی تعاون اور دو طرفہ تعلقات پر توجہ مرکوزرہے گی، دوروں کے دوران قومی سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
سعودی میڈیا کے مطابق پاکستان کے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے گزشتہ روز سعودی وزیر دفاع شہزادی خالد بن سلمان سے ملاقات کی، دارالحکومت ریاض میں ہونے والی ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان عسکری و دفاعی تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر امیر خرم راٹھو، چیف آف سٹاف میجر جنرل محمد عرفان اور ملٹری اتاشی بریگیڈیئر محمد عاصم بھی موجود تھے۔
جبکہ سعودی چیف آف سٹاف لیفٹیننٹ جنرل فیاض الرویلی اور دیگر اعلی حکام بھی ملاقات میں شریک ہوئے۔
سعودی میڈیا کے مطابق وزیر دفاع نے جنرل سید عاصم منیر کو آرمی چیف کا منصب سنبھالنے پر پر مبارک باد پیش کی۔ اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ ملاقات کے دوران علاقائی صورت حال اور دیگر عالمی امور پر بھی تبالہ خیال کیا گیا۔