واشنگٹن: امریکہ نے کہا ہے کہ دہشت گردانہ حملوں سے پاکستانی لوگوں نے شدید نقصان اٹھایا ، دہشتگردی کے خلاف دفاع کرنا پاکستان کا حق ہے۔ طالبان اپنے وعدے پورے کریں اور افغان سرزمین کو بین الاقوامی دہشتگرد حملوں کے لیے استعمال نہ ہونے دیں۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے پریس بریفنگ کے دوران صحافیوں کے سوالات کے جواب میں کہا کہ طالبان کے کیے گئے فیصلوں کا جائزہ لے رہے ہیں اور پہلے بھی واضح کرچکے ہیں کہ ان کا جواب دیا جائے گا۔ ایک اور سوال پر ترجمان نے کہا کہ امریکا پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی کے تازہ بیان سے آگاہ ہے۔
نیڈ پرائس نے کہا کہ افغان طالبان کو اپنے اس وعدے کو نبھانا چاہیے کہ افغان سرزمین کو بین الاقوامی دہشت گرد حملوں کی خاطر لانچنگ پیڈ کے طور پر استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا۔
امریکی ترجمان نے کہا کہ یہ ان بنیادی وعدوں میں سے ہے جنہیں اب تک طالبان نے پورا نہیں کیا یا پھر وہ انہیں پورا کرنا ہی نہیں چاہتے۔