سیاسی و عسکری قیادت نے پاکستان کی بقا، سلامتی اور ترقی کے بنیادی مفادات کا انتہائی جرات وبہادری، مستقل مزاجی اور ثابت قدمی سے تحفظ کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
قومی سلامتی کمیٹی نے واضح کیا کہ پاکستان کے قومی مفادات پر نہ کوئی آنچ آنے دی جائے گی اور نہ ہی کسی کو قومی سلامتی کے کلیدی تصور کو نقصان پہنچانے کی اجازت دیں گے۔ جمعہ کوقومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے بعد جاری
بیان کے مطابق کمیٹی نے واضح کیا کہ دہشت گرد پاکستان کے دشمن ہیں، پوری قوم دہشت گردی اور دہشت گردوں کے خلاف ایک بیانیے پر متحد ہے، پاکستان کو للکارنے والوں کو پوری قوت سے جواب ملے گا۔
ملک میں بڑھتے ہوئے دہشت گرد حملوں کے انسداد کے لیے حکمت عملی طے کرنے اور انسداد دہشت گردی کی تیاریوں کا جائزہ لینے کی غرض سےوزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔
وفاقی وزرا، سروسز چیفس کی شرکت
وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کے اجلاس میں وفاقی وزرا، سروسز چیفس اورانٹیلی جنس اداروں کے سربراہان شریک ہوئے، وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ، وزیر خارجہ بلاول بھٹو، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور وزیر خزانہ اسحٰق ڈار اجلاس میں موجود تھے۔
وزیرخزانہ اسحٰق ڈار کی بریفنگ
بیان کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس نے ملکی معیشت اور امن وامان کا تفصیل سے جائزہ لیا، وزیرخزانہ اسحٰق ڈار نے شرکا کوملک کی معاشی صورتحال اور درپیش چیلنجز سے آگاہ کیا اورحکومت کی جانب سے اس سلسلہ میں اختیار کی گئی معاشی حکمت عملی اور اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔
انٹیلی جنس اداروں نے ملک میں امن وامان کی مجموعی صورتحال پر بریفنگ دی اور دہشت گردی کی حالیہ لہر کے عوامل اور ان کے سدباب کے اقدامات بارے اجلاس کو آگاہ کیا۔
اس موقع پر وزیر مملکت خارجہ امور حنا ربانی کھر نے افغانستان کی صورتحال پر اجلاس کو بریفنگ دی اور پاکستان کے افغانستان کی عبوری حکومت سے ہونے والے رابطوں سے آگاہ کیا۔
قومی مفادات پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی
بیان کے مطابق اجلاس نے واضح کیا کہ پاکستان کے قومی مفادات پرنہ کوئی آنچ آنے دی جائے گی اور نہ ہی کسی کو قومی سلامتی کے کلیدی تصور کو نقصان پہنچانے کی اجازت دیں گے۔ پاکستان کی بقا، سلامتی اور ترقی کے بنیادی مفادات کا انتہائی جرات وبہادری، مستقل مزاجی اور ثابت قدمی کے ساتھ تحفظ کیاجائے گا۔
اجلاس نے دہشت گردی کے خلاف شہداکی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور اُن کے اہل خانہ سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اس موقع پر شہداکے درجات کی بلندی کے لئے اجتماعی دعا کی گئی۔
بیان کے مطابق اجلاس نے عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گرد پاکستان کے دشمن ہیں، قوم دہشت گردی اور دہشت گردوں کے خلاف ایک بیانیے پر متحد ہے، پاکستان کو للکارنے والوں کو بھرپور قوت سے جواب ملے گا۔
اجلاس پیر 2 جنوری 2023کو جاری رہے گا
بیان میں بتایا گیا کہ نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کا اجلاس پیر 2 جنوری 2023کو جاری رہے گا جس میں سامنے آنے والی تجاویز کی روشنی میں مزید فیصلے کئے جائیں گے۔