قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان معین خان نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں نجم سیٹھی کے آنے سے بہتری کی امید ہے ،رمیز راجا کی طرف سے پی سی بی کے معاملات چلا نے پر کوئی خوش نہیں تھا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان معین خان نے کہا کہ رمیز راجا کو اپنے آپ کو ثابت کرنے کا بہت موقع ملا لیکن بدقسمتی سے کوئی بھی ان سے خوش نہیں تھا۔ وہ اکیلے ہی بورڈکے معاملات چلا رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ کرکٹ بورڈ میں نجم سیٹھی کے آنے سے بہتری کی امیدیں ہیں، وہ ایک سمجھدارانسان ہیں اور پہلے بھی پی سی بی کے سربراہ رہ چکے ہیں۔سابق کپتان نے اس امید اظہار کیا کہ نجم سیٹھی اپنی پرانی غلطیاں نہیں دہرائیں گے اور بورڈ کے امور خوش اسلوبی سے چلائیں گے۔
یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی طرف سے چند روز قبل پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کا اعلان کیا گیا تھا، اور بورڈکے 2014 کے آئین کو بحال کردیا گیا۔ کمیٹی کے اراکین میں شاہد آفریدی، شکیل شیخ،ہارون رشید، گل زادہ، نعمان بٹ، ثنا میر، ایزد سید، تنویر احمد، ایاز بٹ، شفقت رانا، گل محمد کاکڑ، مصطفی رمدے اور عارف سعید شامل تھے۔تاہم بعد میں ثنامیر نے کمیٹی میں شمولیت سے معذرت کر لی۔