ایلون مسک نے اپنی مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ویوز کا فیچر متعارف کرادیا، اب ہرصارف کے ٹوئٹ کو دیکھنے یا پڑھنے والے افراد کی تعداد معلوم ہوسکے گی۔
اس سے قبل ٹوئٹر پر ویوز کا فیچرصرف ویڈیوز کے لیے موجود تھا، اور ویڈیوز کو دیکھنے والے افراد کا علم ہوجاتا تھا لیکن اب ہر ٹوئٹ کو دیکھنے یا پڑھنے والوں کی تعداد تمام صارفین کو معلوم ہو سکے گی۔
کچھ عرصہ قبل ٹوئٹر خریدنے والے ایلون مسک نے اپنی ٹوئٹ میں ویوز فیچر متعارف کرانے کا اعلان کیا، جو دنیا بھر کے صارفین کے اکاونتس پر آن کر دیا گیا ہے۔
ویوز فیچر ٹوئٹ پر کمنٹس کے آئیکون سے پہلے موجود ہے اور ویوز کے آئیکون پر ان افراد کی تعداد دیکھی جاسکتی ہے، جنہوںنے ٹوئٹ کو دیکھا یا پڑھا ہو۔
مبصرین کے خیال میں مذکورہ فیچر سے ٹوئٹ کو دیکھنے والے افراد کی تعداد معلوم ہوجاتی ہے، تاہم اس بات کی تصدیق نہیں کی جا سکتی کہ دیکھنے والے افراد میں سے کتنے افراد نے ٹوئٹ کو پڑھا بھی ہے۔
ایلون مسک نے کہا کہ عام طور پر ٹوئٹر پر موجود 90 فیصد لوگ ٹوئٹ کو پڑھتے ہیں مگر اسے لائیک یا کمنٹس نہیں کرتے اور نہ ہی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہیں۔ ایلون مسک کے مطابق ہر ٹوئٹ پسند کیے جانے یا کمنٹس حاصل کرنے سے 100 فیصد زیادہ دیکھی اور پڑھی جاتی ہے مگر لوگوں کی طرف سے اس کا اظہار نہیں کیا جاتا۔
اس سے قبل ٹوئٹر پر ٹوئٹ اینالیٹکس نامی فیچر کے تحت صارفین اپنی ٹوئٹ پر امپریشنز، انگیجمنٹ، پروفائل وزٹس اور ٹوئٹ کے بعد فالو کرنے والے افراد کی تعدا جان سکتے تھے۔
اینالیٹکس کا فیچر تمام صارفین استعمال کرسکتے ہیں اور ہر صارف کو اپنے ہی اینالٹیکس تک رسائی ہوتی ہے۔تاہم نئے فیچر سے دیگر صارفین کے ٹوئٹ ویوز دیکھے جا سکتے ہیں