پیغام رسانی اور کالز کی معروف ایپ واٹس ایپ نے غلطی سے ڈیلیٹ کئے گئے پیغام کو واپس لانے کا فیچر متعارف کرادیا۔
دسمبر کے آغازمیں واٹس ایپ کی جانب سے ڈیلیٹ کئے گئے پیغام کو واپس لانے کا نیا فیچر متعارف کرایا گیا تھا مگر یہ تمام صارفین کیلئے نہیں تھا اب واٹس ایپ نے تمام صارفین کو یہ فیچر فراہم کردیا ہے۔
واٹس ایپ کا نیا فیچر ڈیسک ٹاپ، اینڈرائیڈ اور آئی فون کے تمام صارفین کیلئے دستیاب ہوگا۔
دیکھا گیا ہے کہ صارفین کسی میسیج کو ڈیلیٹ کرتے ہوئے عام طور پر غلطی سے ”ڈیلیٹ فار ایوری ون” کی بجائے ‘ڈیلیٹ فار می’ کا آ پشن اختیارکرلیتے ہیں، جس سے پیغام صرف ان کے پاس سے ڈیلیٹ ہو جاتا ہے مگر دوسرے صارف کے پاس موجود رہتا ہے۔
واٹس ایپ کے نئے فیچر کے بعد اب ایسا نہیں ہوگا اور غلطی کا احساس ہونے پر ڈیلیٹ شدہ میسیج کیساتھ “ان ڈو” کا آپشن آئے گا، جسے دبانے سے ڈیلیٹ کیا گیا پیغام اسکرین پر واپس آجائے گا۔
یاد رکھیں کہ میسیج کو ڈیلیٹ کرنے کے بعد انڈو کا آپشن صرف چند سیکنڈز کیلئے ہی موجود رہے گا، اس کے بعد یہ آپشن غائب ہوجائے گا۔ اگر صارفین اپنے اقدام کی تصحیح چاہتے ہوں تو وقت ضائع کیے بغیر ان ڈو کرنا ہوگا