ساؤتھ ایشین یوتھ ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والی پاکستانی جوڑی نے ملک کے لیے سلور میڈل یقینی بنا لیا ہے۔ گولڈ میڈل کے حصول کے لیے اب ان کا مقابلہ روایتی حریف بھارت سے ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق نیپال کے شہر کھٹمنڈو میں جاری ساؤتھ ایشین ریجنل یوتھ ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ میں اپنی مدد آپ کے تحت شریک پاکستان کے ابدال خان اور زنیرہ خان نے مالدیپ کی ٹیم کو شکست دے کر انڈر 15 مکسڈ ڈبلز کے فائنل میں رسائی حاصل کر لی۔ اس کامیابی کے ساتھ پاکستان کے لیے سلور میڈل یقینی ہو گیا ہے۔ اب اگر فائنل میں بھارت کو شکست دی تو پاکستان گولڈ میڈل بھی جیت لے گا۔
سیمی فائنل میں پاکستانی جوڑی نے سری لنکا کی ٹیم کو 1-3 سے مات دی تھی۔
ادھر بوائز انڈر 15 سنگلز مقابلوں میں ابدال خان نے بنگلادیش کے تابی اسلام اور نور خان نے مالدیپ کے محمد رافو کو 0-3 کے یکساں اسکور سے شکست دی۔
یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ قومی جونیئر کھلاڑی سیلف فنانس پر چیمپئن شپ میں حصہ لے رہے ہیں۔ مالی مشکلات کے باعث گرلز انڈر 19 کی منتخب شدہ کھلاڑی چیمپئن شپ میں شرکت نہ کر سکیں، جبکہ گرلز انڈر 15 کے لیے منتخب تین میں سے دو کھلاڑی بھی مالی وسائل کی کمی کی وجہ سے ایونٹ میں شریک نہ ہو سکیں۔