پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے 14ویں میچ میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو شکست دے کر قیمتی 2 پوائنٹس اپنے نام کرلیے۔
لاہور میں کھیلے گئے اس میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ لاہور قلندرز کی پوری ٹیم 20ویں اوور میں 129 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
جواب میں پشاور زلمی نے 130 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر 17ویں اوور میں مکمل کرلیا۔ کپتان بابر اعظم نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیزن کی پہلی نصف سنچری اسکور کی اور 56 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
یوں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر 2 اہم پوائنٹس حاصل کیے۔
پوائنٹس ٹیبل کی تازہ صورتحال
پی ایس ایل 10 کے پوائنٹس ٹیبل پر اسلام آباد یونائیٹڈ 5 میچز میں مسلسل فتوحات کے ساتھ 10 پوائنٹس لے کر سرفہرست ہے۔
کراچی کنگز نے بھی 5 میچز کھیلے ہیں، جن میں اسے 3 میں کامیابی اور 2 میں ناکامی ہوئی، یوں وہ 6 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
لاہور قلندرز اور پشاور زلمی دونوں نے 5، 5 میچز کھیل کر 2، 2 فتوحات حاصل کی ہیں اور 4، 4 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 3 میچز میں سے ایک میں کامیابی حاصل کی جبکہ دو میں اسے شکست ہوئی، یوں وہ 2 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر ہے۔
ملتان سلطانز نے اب تک 5 میچز میں صرف ایک فتح حاصل کی ہے اور وہ پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبر پر موجود ہے۔
یاد رہے کہ پی ایس ایل کے پلے آف مرحلے کے لیے صرف ٹاپ 4 ٹیمیں کوالیفائی کریں گی۔