الیکشن کمیشن نے سینیٹ کی خالی نشست پر انتخابی شیڈول جاری کر دیا ہے۔
ای سی پی سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق سینیٹ کا یہ انتخاب 6 مئی کو سندھ اسمبلی میں منعقد ہوگا۔ یہ نشست پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر تاج حیدر کے انتقال کے باعث خالی ہوئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق خالی نشست پر انتخاب کے لیے پبلک نوٹس 17 اپریل کو جاری کیا جائے گا، جبکہ امیدوار 18 اور 19 اپریل کو اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرا سکیں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق سینیٹ انتخاب کے ریٹرننگ آفیسر الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان ہوں گے۔
اس سے قبل سینیٹ نے مرحوم سینیٹر تاج حیدر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جمہوری و پارلیمانی خدمات کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔ سینیٹر شیری رحمان نے تعزیتی قرارداد پیش کی جو متفقہ طور پر منظور کی گئی۔
قرارداد میں کہا گیا کہ سینیٹ مرحوم تاج حیدر کے 8 اپریل 2025 کو 83 برس کی عمر میں انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتا ہے۔ وہ ایک بااصول، فکری لحاظ سے پختہ اور جمہوریت سے غیر متزلزل وابستگی رکھنے والے پارلیمنٹیرین تھے، جنہیں ان کی نظریاتی استقامت اور اصولی موقف کی وجہ سے وسیع پیمانے پر احترام حاصل تھا۔