آسٹریلوی وکٹ کیپر ایلکس کیری پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی نہیں کر سکیں گے۔
کیری اپنی مصروفیات کے باعث آسٹریلیا میں جاری ڈومیسٹک کرکٹ کھیل رہے ہیں جس کی وجہ سے وہ پی ایس ایل کا حصہ نہیں بن پائیں گے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے انہیں جنوبی افریقی کھلاڑی روسی وین ڈر ڈسن کے جزوی متبادل کے طور پر منتخب کیا تھا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی منیجمنٹ کے مطابق روسی وین ڈر ڈسن جلد ٹیم کو جوائن کرلیں گے۔
دوسری جانب جنوبی افریقا کے کرکٹر کوربن بوش نے پی ایس ایل سے دستبرداری پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پی ایس ایل مینجمنٹ اور پشاور کے عوام سے معذرت کی ہے۔
اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ میں پی ایس ایل سے علیحدگی پر دل سے معذرت خواہ ہوں۔ یہ ایک باوقار لیگ ہے، اور اس سے دوری میرے لیے مایوس کن ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ میرے فیصلے سے شائقین کو مایوسی ہوئی، جس پر میں تہہ دل سے معذرت چاہتا ہوں۔
کوربن بوش نے اپنے فیصلے کی مکمل ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک سال کی پابندی اور جرمانے کو تسلیم کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ پشاور زلمی نے بوش کو سیزن 10 کے لیے ڈائمنڈ کیٹیگری میں منتخب کیا تھا، لیکن ان کی دستبرداری کے بعد پی ایس ایل مینجمنٹ نے ان پر ایک سال کی پابندی عائد کر دی ہے، جس کے تحت وہ آئندہ سیزن میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔
پاکستان سپر لیگ سیزن 10 کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب آج (جمعہ، 11 اپریل) کو راولپنڈی میں منعقد ہوگی۔
تقریب کا آغاز شام 7 بجے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا، جہاں ملک کے معروف گلوکار اپنی پرفارمنس سے شائقین کو محظوظ کریں گے۔
پرفارم کرنے والوں میں عابدہ پروین، علی ظفر، ابرار الحق، نتاشہ بیگ، طلحہ انجم اور ینگ اسٹنرز شامل ہوں گے۔ اس موقع پر شاندار آتشبازی کا مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔
ایونٹ کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ گرم موسم میں ٹورنامنٹ کا انعقاد ایک بڑا چیلنج تصور کیا جا رہا ہے۔
کرکٹ کمنٹری کے شعبے میں دنیا کے بڑے نام جلوہ گر ہوں گے، جن میں سر الیسٹر کک، وسیم اکرم اور ایم سی سی کے سابق صدر مارک نکولس شامل ہیں۔
پی ایس ایل 10 کا پہلا میچ دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان رات ساڑھے آٹھ بجے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
ایونٹ کا کوالیفائر میچ 13 مئی کو پنڈی میں ہوگا، پہلا ایلیمنیٹر 14 مئی اور دوسرا ایلیمنیٹر 16 مئی کو لاہور میں کھیلا جائے گا، جبکہ فائنل 18 مئی کو قذافی اسٹیڈیم، لاہور میں ہوگا، جہاں ٹرافی کے فاتح کا فیصلہ کیا جائے گا۔
تاریخی کارکردگی کے حوالے سے، اسلام آباد یونائیٹڈ تین مرتبہ (2016، 2018، 2024)، لاہور قلندرز دو مرتبہ (2022، 2023)، پشاور زلمی (2017)، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز (2019)، کراچی کنگز (2020) اور ملتان سلطانز (2021) ایک ایک بار پی ایس ایل چیمپئن بن چکے ہیں۔