کراچی ( نئی تازہ ڈیسک) ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے زیرِ انتظام نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات 2025 کا آغاز ہو گیا ہے۔
امتحانات کے دوران بورڈ کے افسران حب سینٹرز پر پرچے پہنچا رہے ہیں، جہاں سے سینٹر کنٹرول افسران انہیں متعلقہ امتحانی مراکز تک منتقل کریں گے۔ ان افسران کی امتحان کے دوران مراکز میں موجودگی لازمی ہوگی۔
امتحانات میں شرکت کے لیے 3 لاکھ 75 ہزار طلباء و طالبات نے رجسٹریشن کرائی ہے، جن کے لیے شہر بھر کے 18 ٹاؤنز میں 499 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ ان میں 256 مراکز طلباء اور 243 طالبات کے لیے مخصوص ہیں۔
طلباء کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ امتحانی مراکز میں موبائل فون ساتھ نہ لائیں، بصورتِ دیگر فون ضبط کر لیا جائے گا۔
ثانوی تعلیمی بورڈ نے امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144 نافذ کرنے کے لیے متعلقہ اداروں کو خطوط ارسال کیے ہیں، تاکہ غیر متعلقہ افراد کی مداخلت روکی جا سکے۔ اس کے علاوہ امتحان کے دوران فوٹو اسٹیٹ مشینوں کی بندش کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔
امتحانات کی نگرانی کے لیے بورڈ نے رپورٹنگ سیل قائم کیا ہے، جبکہ نقل کی روک تھام کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ بورڈ کا عملہ امتحانات کی مکمل نگرانی کرے گا اور روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ رپورٹنگ سیل میں جمع کرائے گا۔
لوڈشیڈنگ سے بچاؤ کے لیے بورڈ نے کے-الیکٹرک کو تحریری درخواست دی ہے تاکہ امتحانات کے دوران بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
آن لائن ایڈمٹ کارڈز اور امتحانی مراکز کی فہرست بھی بورڈ کی جانب سے جاری کر دی گئی ہے، جبکہ ویجیلنس ٹیمیں روزانہ مراکز کا دورہ کریں گی۔
چند اسکولوں کی جانب سے امتحانی مراکز کی تبدیلی کی درخواست پر ناظم امتحانات نے منظوری دے دی ہے، اور ان اسکولوں کو مطلع کیا گیا ہے کہ نئے مراکز کی فہرست بورڈ کی ویب سائٹ پر اپلوڈ کر دی گئی ہے۔