اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ حج پروازیں 28 مئی سے شروع ہوں گی، اور 90 ہزار پاکستانی سرکاری اسکیم کے تحت فریضہ حج ادا کریں گے۔ حج انتظامات آخری مراحل میں داخل ہو چکے ہیں۔
2025 کی حج تیاریوں سے متعلق پریس کانفرنس میں وفاقی وزیرنے بتایا کہ حجاج کی تربیت کا پہلا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے، جبکہ دوسرا تربیتی کیمپ 8 اپریل سے شروع ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ حجاج کو مکمل تیاری کے ساتھ روانہ کیا جائے گا اور تربیتی عمل پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حج و عمرہ کا تعلق عقیدے سے ہے، اور حکومت اسی جذبے سے کام کر رہی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات کے مطابق تمام انتظامات کیے جا رہے ہیں، جن میں ویکسینیشن سمیت دیگر صحت و حفاظتی اقدامات شامل ہیں۔
سردار یوسف نے مزید بتایا کہ بزرگ عازمین کا خاص خیال رکھا جائے گا۔ پنجاب یونیورسٹی کے آڈیٹوریم میں تربیتی سیشنز ہوں گے، اور ملک بھر کے ایئرپورٹس پر پروازوں کے آغاز پر متعلقہ افسران کی ڈیوٹیاں لگائی جائیں گی۔
انہوں نے حج اخراجات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ لانگ ٹرم حج اسکیم کی لاگت 10 لاکھ 50 ہزار روپے جبکہ شاٹ ٹرم اسکیم کی لاگت 11 لاکھ 50 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ جو رقم بچ جائے گی وہ حاجیوں کو واپس کی جائے گی، کیونکہ یہ ان کا حق ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ سعودی حکومت کی جانب سے بھی حاجیوں کی سہولت کے لیے میڈیکل مشن، ٹرانسپورٹ اور دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ سردار یوسف نے واضح کیا کہ اگر کوئی کمپنی بھکاریوں کو لے جاتی ہوئی پائی گئی تو اسے بلیک لسٹ کر دیا جائے گا۔