صحبت پور: بلوچستان کے ضلع صحبت پور کے گاؤں دوران خان میں زمین کے تنازع پر مسلح افراد نے ایک گھر پر حملہ کر دیا۔ فائرنگ اور آگ لگانے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے سات افراد جاں بحق ہوگئے، جن میں ایک خاتون اور تین بچے بھی شامل ہیں۔
ایس پی صحبت پور یوسف بھنگر کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور حملہ آوروں کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
اس سے قبل بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر کے علاقے کلمت میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک مسافر بس کو روک کر چھ مسافروں کو اتارا اور ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں تمام افراد جان کی بازی ہار گئے۔ نامعلوم حملہ آوروں نے گوادر سے کراچی جانے والے مسافروں پر فائرنگ کی۔
کوسٹل ہائی وے پولیس کے ایس پی حفیظ بلوچ کے مطابق جاں بحق افراد میں سے ایک کا تعلق ملتان سے تھا، جبکہ باقی افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ حملہ آوروں نے موقع پر ہی ایک گاڑی کو بھی نذر آتش کر دیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے علاقے کلمت میں بس سے اتار کر مسافروں پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے والے ملک کے امن کو تباہ کرنے کی سازش کر رہے ہیں۔ انہوں نے واقعے کی فوری تحقیقات اور مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کی ہدایت کی۔
پولیس اور سیکیورٹی ادارے ان واقعات کی تحقیقات کر رہے ہیں جبکہ حملہ آوروں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔