شارجہ: شارجہ پولیس نے تین دن میں 14 ہزار درہم ( 10 لاکھ روپے سے زائد) جمع کرنے والے بھکاری کو گرفتار کر لیا۔ غیر قانونی طور پر مقیم یہ شخص عوام کی ہمدردی کا فائدہ اٹھا کر اتنی بڑی رقم اکٹھی کرنے میں کامیاب ہوا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک مقامی شہری نے پولیس کو اطلاع دی کہ مسجد کے باہر ایک شخص مالی مشکلات کا دعویٰ کرتے ہوئے بھیک مانگ رہا ہے۔ جب پولیس نے موقع پر پہنچ کر اس کی شناختی تفصیلات کی جانچ کی تو معلوم ہوا کہ وہ غیر قانونی طور پر مقیم ہے اور صرف تین دن میں بڑی رقم جمع کر چکا ہے۔
گداگری اور اسٹریٹ وینڈرز کی نگرانی کے لیے قائم خصوصی ٹیم کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل عمر الغزال الشامسی نے کہا کہ یہ عمل سیکیورٹی اور سماجی مسائل پیدا کر سکتا ہے۔ انہوں نے عوام کو خبردار کیا کہ بھکاری اکثر لوگوں کی ہمدردی کا فائدہ اٹھا کر غیر قانونی طور پر بڑی رقم حاصل کر لیتے ہیں۔
شارجہ پولیس نے رمضان کے آغاز سے جاری مہم کے تحت سادہ لباس اور سیکیورٹی اہلکاروں کی ٹیمیں تعینات کی ہیں تاکہ گداگری کے رجحان کو روکا جا سکے۔
حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بھکاریوں کو پیسے نہ دیں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع پولیس ہیلپ لائن پر دیں۔
شارجہ پولیس نے حال ہی میں بھکاریوں کے خلاف اپنی مہم کے دوران ایک تجربہ کیا، جس میں ایک اہلکار کو بھکاری کے بھیس میں سڑک پر بھیجا گیا۔ اس اہلکار نے محض ایک گھنٹے میں 367 درہم (تقریباً 28 ہزار پاکستانی روپے) جمع کیے۔ اس تجربے کا مقصد یہ ظاہر کرنا تھا کہ بھکاری کس طرح خاص طور پر رمضان کے مہینے میں بغیر کسی حقیقی ضرورت کے لوگوں کی ہمدردی کا فائدہ اٹھا کر رقم حاصل کرتے ہیں ۔
پولیس نے اس تجربے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر جاری کی ہے، جس میں دکھایا گیا ہے کہ لوگ بھکاری کے پاس آ کر پیسے دیتے ہیں اور وہ محض ایک گھنٹے میں معقول رقم جمع کر لیتا ہے۔ شارجہ پولیس نے شہریوں کو تاکید کی ہے کہ وہ بھکاریوں کو پیسے دینے سے گریز کریں اور انہیں روزگار کی طرف مائل کرنے کی کوشش کریں۔