لاہور میں پولیس نے پچاس سے زائد وارداتوں میں ملوث میاں بیوی کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق افتخار اور آمنہ علی صبح سویرے دفاتر جانے والے شہریوں کی ریکی کر کے واردات کرتے تھے۔ انہیں آپریشن ونگ کی آئی ٹی ٹیم نے حراست میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق آمنہ اور افتخار نے ٹاؤن شپ گرین ٹاؤن سمیت مختلف علاقوں میں ڈکیتیاں کیں۔ یہ میاں بیوی ڈاکو گینگ کا تعلق شیخوپورہ سے ہے اور وہ چھ سال بعد دوبارہ گرفتار ہوئے ہیں۔
دوسری جانب لاہور میں خود کو غیر ملکی ظاہر کر کے شہریوں کو لوٹنے والے نوسرباز گروہ کو گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق، گروہ نے بینک سے رقم نکالنے والے شہری سے کرنسی ایکسچینج دفتر کا پتہ پوچھا اور پاکستانی کرنسی دیکھنے کی خواہش ظاہر کی۔ جیسے ہی شہری نے رقم دکھائی، ملزمان نے چھین کر فرار ہونے کی کوشش کی۔
اس گروہ میں دو مردوں کے ساتھ ایک خاتون بھی شامل تھی۔ پولیس نے سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ملزمان کی تلاش شروع کی اور شواہد کی بنیاد پر انہیں گرفتار کر لیا۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی یا واقعے کی صورت میں فوراً 15 پر اطلاع دیں۔