چین سے اسلام آباد کے لیے براہ راست کارگو سروس کا آغاز ہو گیا۔ اس سلسلے میں پہلی کارگو پرواز چین کے شہر ارومچی سے روانہ ہوئی اور 25 ٹن سے زائد سامان کے ساتھ اسلام آباد ایئرپورٹ پر بحفاظت پہنچ گئی۔
یہ پہلا موقع ہے کہ چین اور اسلام آباد کے درمیان کارگو پروازوں کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق اس پرواز کے ذریعے وفاقی دارالحکومت میں 25 ٹن سے زیادہ مال منتقل کیا گیا۔
ایئرپورٹ کے چیف آپریٹنگ افسر (سی او او) اور ایئرپورٹ منیجر آفتاب گیلانی نے چین سے آنے والی اس پرواز کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سروس کے تحت فی الحال ہفتے میں دو کارگو پروازیں چلائی جائیں گی، اور مستقبل میں ان کی تعداد میں اضافہ بھی کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس کارگو سروس کے آغاز سے پاکستان اور چین کے درمیان تجارت کو فروغ ملے گا، جس سے دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔