لاہور: جوہر ٹاؤن کے کیفے میں فائرنگ کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ یہ واقعہ دو روز قبل اس وقت پیش آیا تھا جب کیفے کے عملے نے ایک لڑکی کو ہراساں کرنے سے روکا تو امیر زادے نے طیش میں آ کر فائرنگ کر دی تھی۔
تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز کے ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزم علی حسن جو بی او آر سوسائٹی کا رہائشی ہے، کے خلاف تھانہ نواب ٹاؤن میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ اس کے ساتھی ملزم فیاض کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔
پولیس کے مطابق ملزمان کالے رنگ کے ویگو ڈالے میں آئے تھے، جس پر جعلی نمبر پلیٹ لگی ہوئی تھی۔ فائرنگ کے نتیجے میں کیفے کا سیکیورٹی گارڈ زخمی ہو گیا تھا، جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہو گئے تھے۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے خصوصی ٹیم تشکیل دی، جس کی کارروائی کے نتیجے میں ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ دوسرے کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔