پولیس نے آٹھ روز قبل لیاقت پور میں لاپتا ہونے والے بچے کے کیس کا معمہ حل کر لیا ہے۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ معصوم بچے کا قتل کسی اور نے نہیں، بلکہ اس کی سگی چچی نے کیا۔ تھانہ شیدانی پولیس نے ملزمہ کو حراست میں لے کر مزید کارروائی شروع کر دی ہے۔
پولیس کے مطابق 13 مارچ کو چھ سالہ سبحان کے اغواء کا مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کیا گیا۔ یہ واقعہ تھانہ شیدانی کی حدود میں واقع موضع گلانی میں پیش آیا۔ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ مقتول کے والد نے ملزمہ کے کردار پر شک ظاہر کرتے ہوئے اس کے شوہر کو آگاہ کیا تھا، جس پر ملزمہ نے رنجش رکھتے ہوئے دیور سے انتقام لینے کے لیے اس کے بیٹے کو قتل کر دیا۔
دوسری جانب کراچی کے علاقے سپرہائی وے جمالی گوٹھ میں بھی ایک اندوہناک واقعہ پیش آیا، جہاں نو سالہ عثمان کو زیادتی کے بعد گلا دبا کر قتل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق، بچے کی لاش گھر کے باہر سے ملی، اور پوسٹ مارٹم رپورٹ میں زیادتی کی تصدیق ہوئی ہے۔
مقتول عثمان کے والد کے مطابق اس کے بیٹے کو نیند میں چلنے کی عادت تھی، وہ سحری کے وقت گھر سے نکلا اور پھر اس کی لاش قبرستان سے برآمد ہوئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بچے کے جسم پر تشدد کے نشانات بھی واضح ہیں۔ حکام کے مطابقعثمان چھ بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹا تھا، ضابطے کی کارروائی کے بعد اس کی لاش ورثاء کے حوالے کر دی گئی ہے۔