جعفر ایکسپریس پر حملے کے بعد معطل کی گئی اہم ٹرین سروس بحال کر دی گئی
ریلوے حکام کے مطابق کوئٹہ سے چمن جانے والی مسافر ٹرین معطلی کے بعد اتوار کو روانہ ہوگی، تاہم کوئٹہ سے دیگر صوبوں کے لیے ٹرین سروس تاحال معطل رہے گی۔
یاد رہے کہ 11 مارچ کو جعفر ایکسپریس پر حملے کے بعد ٹرین سروس معطل کر دی گئی تھی۔
بتایا گیا ہے کہ بلوچستان کے ضلع کچھی کے علاقے مشکاف میں ریلوے ٹریک اور اس کے اطراف کا علاقہ کلیئر کر دیا گیا ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق جعفر ایکسپریس حملے کے بعد متاثرہ ریلوے ٹریک کی مرمت کے لیے سبی اور مچھ سے ریلیف ٹرین روانہ کر دی گئی ہے، اور آج سے مرمت کا کام شروع کیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ حملے میں جعفر ایکسپریس کے انجن سمیت پانچ بوگیوں کو نقصان پہنچا، جبکہ مشکاف میں 382 فٹ ریلوے ٹریک متاثر ہوا۔ ٹریک کی مرمت کے لیے 8 سے 10 گھنٹے درکار ہوں گے، اور اسے جلد از جلد بحال کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ کوئٹہ سے ملک کے دیگر حصوں اور چمن کے لیے ٹرین سروس گزشتہ چند روز سے معطل تھی۔
پاکستان ریلوے حکام کے مطابق جعفر ایکسپریس، بولان میل اور چمن پیسنجر ٹرین جلد بحال کی جائیں گی۔
یاد رہے کہ کچھی میں ٹرین حملے کے بعد ٹرین سروس تین روز کے لیے معطل کی گئی تھی۔