لاہور( نئی تازہ ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر شروع کیا گیا “سکول میل پروگرام” کامیابی سے جاری ہے، جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ مریم نواز شریف نے بھکر اور لیہ سمیت دیگر دور دراز اضلاع میں بھی سکول میل پروگرام کو وسعت دینے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ سکول میل School Meal پروگرام کے آغاز سے طلبہ میں غذائی کمی کے اثرات میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ پہلے مرحلے میں 1 ارب 78 کروڑ روپے کی بچت بھی یقینی بنائی گئی۔
معلوم ہوا ہے کہ چند ماہ میں پروگرام کی بدولت 55 ہزار سے زائد نئے طلبہ سکولوں میں داخل ہوئے، جو ایک منفرد ریکارڈ ہے۔ مظفرگڑھ، راجن پور اور ڈی جی خان میں چار کروڑ سے زائد ملک پیکٹس سکولوں میں پہنچائے جا چکے ہیں، جبکہ تینوں اضلاع میں ساڑھے تین کروڑ سے زائد ملک پیکٹس طلبہ کو فراہم کیے جا چکے ہیں۔
پنجاب حکومت کے ذرائع کے مطابق پروگرام کے آغاز میں طلبہ کی تعداد 3 لاکھ 61 ہزار تھی، جو بڑھ کر 4 لاکھ 16 ہزار تک پہنچ گئی ہے، جس سے اس منصوبے کی کامیابی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر شفافیت اور مسابقتی ٹینڈرنگ کے ذریعے بچت کو یقینی بنایا گیا، جبکہ مانیٹرنگ اور مینجمنٹ سسٹم کو مزید مؤثر بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
مریم نواز شریف نے جنوبی پنجاب کے بھکر اور لیہ سمیت دیگر دور دراز اضلاع میں بھی سکول میل پروگرام کو وسعت دینے کی ہدایت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ طلبہ کے لیے تمام وسائل حاضر ہیں، اور پروگرام کا دائرہ کار بتدریج بڑھایا جائے گا۔