پنجاب کے سکولوں میں اساتذہ کی حاضری اور جعلی داخلوں کی نگرانی کے لیے نیا نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
محکمہ اسکول ایجوکیشن نے اسکولوں میں خصوصی کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جو طلبہ اور اساتذہ کے چہروں کی شناخت کریں گے۔ یہ کیمرے اسکول کے داخلی راستوں پر لگائے جائیں گے۔
روزانہ کی بنیاد پر کیمروں کے ذریعے حاصل کردہ رپورٹ محکمہ اسکول ایجوکیشن کو ارسال کی جائے گی۔ ایسی رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ لاہور سے باہرقائم سکولوں کے کئی اساتذہ اپنی جگہ نجی افراد کو ڈیوٹی پر مامور کرکے غیر حاضر رہتے تھے۔
گورنمنٹ پائلٹ اسکول وحدت روڈ سے اس منصوبے کا آغاز کیا جائے گا، جبکہ اسکولوں میں خصوصی انٹرنیٹ سروس بھی فراہم کی جائے گی۔