لاہور ( نئی تازہ نیوز) لاہور ہائیکورٹ میں تعینات ہونے والے چار نئے ایڈیشنل ججز نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ، جسٹس عالیہ نیلم نے ان سے حلف لیا۔ حلف برداری کی تقریب ججز لاؤنج میں منعقد ہوئی، جس میں عدالت کے سینئر ججز نے شرکت کی۔
ایڈیشنل ججز میں راجہ غضنفر علی خان، تنویر احمد شیخ، طارق محمود باجوہ اور عبہر گل خان شامل ہیں۔ تقریب میں لاہور ہائیکورٹ کے سینئر جج جسٹس شجاعت علی خان، جسٹس علی باقر نجفی، جسٹس عابد عزیز شیخ، جسٹس شمس محمود مرزا اور دیگر ججز نے شرکت کی۔
تقریب میں جسٹس چودھری اقبال، جسٹس ساجد محمد سیٹھی، جسٹس شہرام سرور چودھری، جسٹس طارق ندیم، جسٹس علی ضیاء باجوہ، جسٹس انوار الحق، جسٹس فاروق حیدر، جسٹس فیصل زمان خان سمیت پراسکیوٹر جنرل پنجاب سید فرہاد علی شاہ اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب امجد پرویز بھی موجود تھے۔
ایڈووکیٹ جنرل پنجاب امجد پرویز نے عہدے کا چارج سنبھال لیا
ایک علیحدہ پیش رفت میں، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب امجد پرویز نے اپنے عہدے کا باضابطہ چارج سنبھال لیا۔ دفتر پہنچنے پر انہیں لاء افسران اور ملازمین نے خوش آمدید کہا اور پھول پیش کیے۔
اپنے بیان میں امجد پرویز نے پنجاب حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ادارے کی بہتری کے لیے بھرپور اقدامات کریں گے اور عدالتوں میں آئین و قانون کے مطابق معاونت فراہم کریں گے۔ انہوں نے سابق ایڈووکیٹ جنرل خالد اسحاق کو ایک پروفیشنل وکیل قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں بھی بطور پروفیشنل وکیل جانا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پنجاب حکومت نے امجد پرویز کی بطور ایڈووکیٹ جنرل تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ وہ فوجداری، نیب اور آئینی مقدمات کے ماہر سمجھے جاتے ہیں۔ یہ عہدہ اس وقت خالی ہوا تھا جب سابق ایڈووکیٹ جنرل خالد اسحاق لاہور ہائیکورٹ کے جج مقرر ہوئے تھے اور انہوں نے اس عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔