لاہور ( نئی تازہ نیوز) میٹرک کے سالانہ امتحانات لاہور بورڈ کے زیرِ اہتمام آج سے شروع ہو گئے ہیں۔
پہلے دن دونوں شفٹوں میں کل پانچ مضامین کے امتحانات منعقد ہوں گے۔ صبح کی شفٹ میں عربی اور جغرافیہ کے پرچے ہوں گے، جبکہ دوسری شفٹ میں آرٹ اینڈ ماڈل ڈرائنگ، وڈ ورکنگ، اور تاریخ کے مضامین کے امتحانات لیے جائیں گے۔ کل بروز بدھ، 5 فروری کو دونوں شفٹوں میں انگریزی (لازمی) کا امتحان ہوگا۔
دہم جماعت کے امتحانات میں 2 لاکھ 56 ہزار طلبہ شریک ہیں، اور اس سال امتحانات کے انعقاد کے لیے 948 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں، جن میں سے 156 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ پنجاب کے دیگر بورڈز کے تحت بھی میٹرک امحانات کا آغاز ہو گیا ہے۔
دوسری جانب میٹرک کے سالانہ امتحانات میں ڈیوٹی سے انکار کرنے والے اساتذہ کے خلاف کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
لاہور ایجوکیشن اتھارٹی نے 19 اساتذہ کو شوکاز نوٹسز جاری کیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ان 19 اساتذہ کو امتحانی ڈیوٹی سونپی گئی تھی، لیکن وہ لاہور بورڈ سے امتحانی سامان لینے نہیں پہنچے۔ ایجوکیشن اتھارٹی نے ان اساتذہ کو آج طلب کر لیا ہے۔ اس سے قبل 151 اساتذہ کو شوکاز نوٹسز جاری کیے جا چکے ہیں۔