راولپنڈی میں سٹی ٹریفک پولیس نے رمضان المبارک کے دوران ون ویلنگ کی روک تھام کے لیے اینٹی ون ویلنگ اسکواڈ تشکیل دے دیا ہے۔
سی ٹی او بینش فاطمہ کے مطابق یہ اسکواڈ 60 سے زائد اہلکاروں پر مشتمل ہے، اور رمضان کے دوران ون ویلنگ کے خلاف کارروائی کے لیے پانچ خصوصی اسکواڈ تشکیل دیے گئے ہیں۔ ان اسکواڈز میں 7 ڈی ایس پیز/سرکل آفیسرز، 7 سینئر ٹریفک وارڈنز، 49 ٹریفک وارڈنز، اور ٹریفک اسسٹنٹس شامل ہیں۔ اسکواڈز سحری کے وقت صبح 4 بجے سے 7 بجے تک اور افطار کے بعد شام 7 بجے سے رات 1 بجے تک اپنی ڈیوٹی انجام دیں گے۔
اہم شاہراہوں پر خصوصی ناکے بھی قائم کیے گئے ہیں، جہاں ون ویلنگ میں ملوث افراد کے خلاف بلا تفریق قانونی کارروائی کی جائے گی۔ علاوہ ازیں، مساجد کی سیکیورٹی کے لیے 10 ڈی ایس پیز/سرکل آفیسرز، 17 سینئر ٹریفک وارڈنز، 62 ٹریفک وارڈنز اور 22 ٹریفک اسسٹنٹس سمیت مجموعی طور پر 111 افسران و اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
راولپنڈی ٹریفک پولیس شہریوں کی جانوں کے تحفظ اور ون ویلنگ کے انسداد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ ون ویلنگ کے لیے موٹر سائیکل میں غیر قانونی تبدیلیاں کرنے والے مکینکس کی بھی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے، جبکہ اہم مقامات پر خصوصی ناکوں میں ضلعی پولیس کی مکمل معاونت حاصل ہوگی۔
ٹریفک پولیس نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ ان خاص دنوں میں اپنے بچوں پر خصوصی نظر رکھیں اور کم عمری میں انہیں موٹر سائیکل یا گاڑی دینے سے گریز کریں تاکہ وہ حادثات سے محفوظ رہ سکیں۔