چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی کو جلد ایک اوراہم عہدہ سنبھالنے کا موقع ملنے والا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق محسن نقوی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل کے بعد ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔
واضح رہے کہ فی الحال سری لنکا کرکٹ کے صدر شمی سلوا ایشین کرکٹ کونسل کے عبوری صدر کے طور پر فرائض انجام دے رہے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق توقع ہے کہ چیئرمین پی سی بی جلد شیڈول ایشین کرکٹ کونسل کی جنرل کونسل میٹنگ میں اپنا نیا منصب سنبھالیں گے۔
اے سی سی جنرل کونسل میٹنگ میں نہ صرف مستقل صدر کی تقرری پر غور ہوگا بلکہ رواں سال بھارت میں شیڈول ایشیا کپ کے حتمی وینیو کا فیصلہ بھی کیا جائے گا۔
رپورٹس کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان سیاسی کشیدگی کے باعث ایشیا کپ نیوٹرل وینیو پر منتقل کیے جانے کا امکان ہے۔ اے سی سی حکام سری لنکا یا متحدہ عرب امارات میں ایونٹ کے انعقاد پر غور کر رہے ہیں، تاہم میزبانی بی سی سی آئی کے پاس ہی رہے گی۔
ایشیا کپ میں آٹھ ٹیمیں شرکت کریں گی، جن میں پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلادیش، افغانستان، عمان، متحدہ عرب امارات اور ہانگ کانگ شامل ہیں۔